زندگی کو مختلف زاویوں اور مشاہدوں سے دیکھا جاسکتا ہے۔زندگی کو کئی کلیوں اور فارمولوں سے سمجھا جاسکتا ہے۔کئ دانشور زندگی کا حساب انگلیوں پر لگا لیتے ہیں اور کچھ پیچیدہ دل زندگی کا کوئی سوال بھی تاعمر حل نہیں کرپاتے۔سائںسی دماغوں کی بات کریں تو وہ زندگی کا مفہوم ڈھونڈنے کے لیے سمندروں کو گھنگال ڈالتے ہیں آسمانی وسعتوں تک جا پہنچتے ہیں اور کچھ اہل ذوق زندگی کی کشتی کوپھولوں تتلیوں خوشبوؤں کے دریا پر بہتا دیکھتے ہیں۔ہم میں سے ہر کوئی زندگی کو مختلف طریقے سے سوچتا ،دیکھتا ،سمجھتا اور گزارتا ہے۔سوال یہ ہے کہ ہم کتنے اِس زندگی سے خوش ہیں یا اس زندگی کو ہم نے خود کتنا سنوار کر رکھا ہوا ہے ؟آج دل کی خوشی اور سکون کی بات کرتے ہیں۔اکثر لوگ بہت مشکل ہوتے ہیں بڑی بڑی خوشیاں اُن کا دروازہ کھٹکھٹاتی رہتی ہیں مگر اُن کی حس سماعت اور دل کا کوئی کنکشن نہیں ہوتا،عام لفظوں میں کہوں تو اُن کو زندگی کی قدر نہیں ہوتی ۔ایسے لوگوں کا نہ دل جلدی بہلتا ہے نہ موڈ جلدی سنبھلتا ہے اور کچھ ہوتے ہیں وہ جو سمندر میں سے چند موتی پاکر جھومتے ہیں گنگناتے ہیں مسکراتے پھرتے ہیں۔آئیے ہم آج دوسری کٹیگری کے لوگوں کو ڈسکس کرتے ہیں کیونکہ وہ اِس قابل ہیں۔سب سے پہلے کچھ چھوٹی چھوٹی باتیں بتانا چاہونگی جنھیں شاید آپ میں اور بہت سے لوگ اہمیت نہیں دیتے اور زندگی کی لذت سے خالی ہوتے جاتے ہیں۔یہ لذت بھی کتنا کمال لفظ ہے ادا کرتے ہی منہ میں مٹھاس گھل جاتی ہے۔وہ سب چھوٹے چھوٹے کام باتیں جنھیں کرکے ہمیں مزہ آتا ہے دراصل وہی تو ہماری زندگی کو خوبصورت بنا رہے ہیں۔میٹرک میں میری ایک کلاس فیلو تھی وہ ہمہ وقت مسکراتی رہتی تھی یقین کریں اسے دیکھا دیکھی میں نے بڑی پریکٹس کی مگر مجھ سے نہیں ہوا۔کچھ ایسی شکلیں بھی تھیں جن کی سوئی کبھی بارہ سے آگے پیچھے نہیں گئی۔بات سننے سمجھنے اور نوٹ کرنے کی ہے میری ایک دوست ہے جو بتاتی ہے کہ جس دن گھر میں چاول پکییں وہ بڑی ہی خوشی محسوس کرتی ہے،ایک اور پیاری لڑکی بتاتی ہے کہ شام کی چائے کا وقت وہ بڑے ہی اہتمام سے گزارتی ہے،چائے بناتی ہے اپنا پسندیدہ مگ لیکر کئی کئی اچھی باتوں پر خوش ہوتی ہے۔میری اپنی بہن رنگوں سے کھیل کر خوش ہوتی ہے اور ایک بہت عزیز سہیلی کہانیاں لکھ کر۔کچھ لوگوں کو پرفیوم کی شیشیاں جمع کرکے لطف آتا ہے تو کچھ کو رنگ برنگی گھڑیاں ،کئی لوگ گھر سجا کر،پودوں کا خیال رکھ کے،ڈائری لکھ کر خوش ہوتے ہیں،کچھ خواتین سلائی کڑھائی سے شہکار بنا کر دل کو خوش کرتی ہیں تو کچھ کتابوں میں گم ہوکر سکون پاتی ہیں ۔ہم سب کے مختلف شوق ایکٹیویٹیز ہیں جن میں ہم خوشی محسوس کررہے ہوتے ہیں اور یہی زندگی ہے،چھوٹی باتوں پر خوش ہونا ،اپنے ساتھ وقت بتانا،ذرہ ذرہ سی چیزوں کو انجوائے کرنا اہمیت دینا۔جو لوگ ایسا نہیں کرپاتے یا نہیں کرتے وہ جلد ہی زندگی اور اپنے آپ سے بیزار ہوجاتے ہیں۔کوشش کیجیے کہ آپ کی زندگی یکسانیت کا شکار نہ ہو۔روز مرہ کے کاموں کے علاؤہ کچھ نہ کچھ ایسا کرتے رہیے جو آپ کا دل جوان اور روح تروتازہ رکھے۔زندگی خوبصورت ہے اسے خوبصورت بنائیے اس کی ننھی منی کامیابیوں خوشیوں پر دل بڑا کیجیے۔آپ زندگی کی جتنی قدر کریں گے زندگی اتنی ہی آپ کی قدردان ہوگی ۔
دعاؤں میں یاد رکھیے گا❤

تحریر: حمیرا فضا

کور ڈیزائن و فوٹو گرافی: صوفیہ کاشف