خواتین منافق ہیں!از اُمِ کلثوم

ہم اپنوں بیگانوں کے ڈر سے گونگی بہری بات کہیں
داغِ جگر کو لالۂ رنگیں اشکوں کو برسات کہیں
سورج کو سورج نہ پکاریں
دن کو اجلی رات کہیں

جی ہاں بالکل درست خواتین واقعی بہت منافق ہوتی ہیں رات کو شوہر سے مار کھانے کے بعد صبح کمرے سے نکلنے سے پہلے نہا دھو کر نک سک سے تیار ہو کر سارا دن مسکراتے رہنے کا ڈرامہ کرتی ہیں اور پھر جب تنہائی نصیب ہوتی ہے تو جی بھر کے رولیتی ہیں.. ماں کی بیماری پر میکے جانے کی اجازت نہیں ملتی تو بچے کی بیماری کا بہانہ بنا لیتی ہیں یہ منافقت نہیں تو اور کیا ہے
مرد کتنے صاف گو اور نڈر ہوتے ہیں اگر بیوی کے خاندان میں سے کسی ایک فرد یا پورے خاندان کو ناپسند کرتے ہوں تو کتنی بےباکی سے بیوی بلکہ ہر کسی کے سامنے اظہار کر ڈالتے ہیں.. اور صاف صاف کہہ دیتے ہیں کہ مجھے ان سے ملنے پر مجبور مت کرنا, بلکہ اگر تم مجھ سے محبت کرتی ہو تو تمہارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے کہ تم بھی ان سے نہ ملو… عورت اپنے شوہر کے خاندان میں سے کسی کو پسند نہیں کرتی تو ڈر کے مارے اظہار نہیں کر سکتی کیونکہ صاف گو اور شفاف مرد اسے منٹوں میں اس کی اوقات یاد دلا دیتا ہے اس لئے سامنے سے سب سے پیار محبت سے ملتی ہے اور دل ہی دل میں نفرت کے کیڑے کو پال پوس کر ناقابل شکست آدھا بنا دیتی جو موقع ملنے پر ہر شے کو فنا کرنے پر تُل جاتا ہے. مرد ہرگز منافقت نہیں کرتے بیوی, بہن, بیٹی حتیٰ کہ ماں کو بھی کسی غیر مرد کے ساتھ گھلتے ملتے دیکھ لیں تو ان کی غیرت ایسا جوش مارتی ہے کہ اپنے سگے رشتوں کی جان تک لینے سے گریز نہیں کرتے.. ان کی اس جرأت کو سلام نہیں بلکہ لعنت ہو ایسی جرأت پہ.. ایک عورت اپنے شوہر کو برسوں غلط راستوں پر گامزن دیکھتی اور ساری دنیا کے سامنے اس پر پردے لاتی رہتی ہے منافق کہیں کی….
میکے جاتی ہے تو بھائی بھابھی ڈھنگ سے سلام تک نہیں کرتے (اگرچہ بھابھی بھی عورت ہے ) واپسی پر راستے میں پھل فروٹ اور اگر جیب اجازت دے تو ایک آدھ سوٹ بھی خرید لیتی ہے گھر آکر سب کو چہک چہک کر دکھاتی ہے کہ بھائی اور بھابھی نے زبردستی یہ چیزیں دلادیں میں نے تو بہت منع کیا….. وغیرہ وغیرہ
آخر حد ہوتی ہے منافقت کی مرد کو ان پینتروں اور ڈراموں کی ہرگز ضرورت نہیں ہوتی… افیئر چلانے کا موڈ ہو تو ڈنکے کی چوٹ پر چلائیں گے (منافق جو نہیں) بیوی احتجاج کرے تو اسی بیچاری کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے… اٹھتے بیٹھتے بیوی کو اپنا چار شادیوں کا حق یاد دلاتے رہتے ہیں بیوی منافق یہ نہیں کہہ پاتی کہ خلع کے بعد دوسری تیسری چوتھی , پانچویں شادی میرا بھی جائز حق ہے
عورت کی منافقت پر تو ایک کتاب لکھی جاسکتی ہے لیکن حرف آخر یہ ہے کہ اگر عورت منافق نہ ہوتی تو مرد کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتا یہی حقیقت ہے.

________________

Advertisements